شہر قائد کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں شوہر کے ساتھ وارداتیں کرنے والی ڈکیت حسینہ رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔
•تفصیلات•
تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے اسکیم 33 کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب چھلاوہ بنی ڈکیت حسینہ سمیت 3 ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، درجنوں وارداتوں میں ملوث خاتون شوہر کے ساتھ مل کر ڈکیتیاں کرتی تھی۔
ایس ایس پی ایسٹ فرخ رضا کے مطابق ملزمہ ثمینہ کو شوہر ندیم اور ساتھی فرحان کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، ملزمان تاجر کرم اللہ اور اس کی بیوی کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے، ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور لوٹا ہوا سامان بھی برآمد کیا گیا، خاتون سے چھینا ہوا لیڈیز پرس بھی برآمد ہوا۔
•اہم انکشافات•
گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں، ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں، ثمینہ گینگ کی اہم رکن اور سرغنہ ندیم کی بیوی ہے، ملزمان تمام وارداتیں ملزمہ ثمینہ کی مدد سے ہی کرتے تھے۔
واردات سے پہلے ملزمان کسی بھی جگہ پر پہنچنے کی پلاننگ کرتے، اسلحہ ثمینہ اپنے پرس میں رکھتی اور مقررہ مقام پر پہنچ جاتی، پھر دونوں ملزمان بھی پہنچتے اور تینوں مل کر واردات کرتے، واردات کے بعد ملزمان اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان ملزمہ کے حوالے کر دیتے، اور ملزمہ چھینا ہوا سامان اور اسلحہ لے کر عام خواتین کی طرح چلی جاتی۔
فرخ رضا نے بتایا کہ پولیس کو ڈکیت خاتون والے گروہ کی کافی عرصے سے تلاش تھی، گرفتار ملزمان کو لٹنے والی فیملی نے بھی شناخت کر لیا ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
0 Comments